وزیراعظم کی متوازن بجٹ پیش کرنے پر اقتصادی ٹیم کی تعریف

0
120

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام تر مشکلات کے باوجود ٹیکس فری متوازن بجٹ پیش کرنے پر اقتصادی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کی جانب سے پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کے نہ ختم ہونے والے سلسلے نے معیشت کو نقصان پہنچایا ،معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، میثاق معیشت عوام کی خوشحالی اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اوربحالی ، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیو سٹرٹیجک تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسلسل چیلنجز کے پیش نظر آئندہ مالی سال کا بجٹ بنانا خاص طور پر ایک مشکل کام تھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کی جانب سے پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کے نہ ختم ہونے والے سلسلے نے معیشت کو نقصان پہنچایا اور غیر یقینی صورتحال پیدا کی جیسا کہ ملک ایک سال سے زیادہ عرصہ تک مشکلات کا شکار رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ معیشت کی طویل المدتی بیماریوں کے ٹھیک کرنے کے عمل کی شروعات کی نمائندگی کرتا ہے، مخلوط حکومت نے ان شعبوں کو ترجیح دی ہے جو اقتصادی ترقی کو تیز کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معیشت کو خودکفیل بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے اثرات کومدنظر میں رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنروں کو تنخواہوں میں بالترتیب30 ، 35 اور 17.5 فیصد تک اضافہ کی صورت میں ریلیف فراہم کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کم سے کم اجرت بڑھا کر 32 ہزار روپے کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زیادہ متوازن بجٹ جس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے، موجودہ مشکلات حالات میں ممکن نہیں تھا ، میں ان تمام افراد کی تعریف کرتا ہوں جو بجٹ سازی کا حصہ رہے اور اس میں اپنا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جو ایک مستحکم سیاسی ماحول میں ہی کی جاسکتی ہیں کیونکہ معاشی ترقی کا تعلق سیاسی استحکام سے ہے، یہیں سے میثاق معیشت ہماری سیاسی جماعتوں کیلئے اپنے عوام کی خوشحالی کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ دیکھائی دیتی ہے۔