پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیئر مین سینٹ کومراعات دینے کے معاملے پر سینیٹ میں پیش ہونے والے بل کی مخالفت کر دی

0
202

اسلام آباد (این این آئی) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیئر مین سینٹ کومراعات دینے کے معاملے پر سینیٹ میں پیش ہونے والے بل کی مخالفت کر تے ہوئے کہاہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے ہم مراعات میں اضافہ کر رہے ہیں جبکہ کمیٹی نے آئی پی سی سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منگل کو نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ کو مراعات دینے کا معاملہ زیر بحث آیا ،۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سینیٹ میں پیش ہونے والے بل کی مخالفت کر دی ۔ نور عالم نے کہاکہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے ہم مراعات میں اضافہ کر رہے ہیں ،میں اس کی مخالفت کرتا ہوں یہ بڑی زیادتی ہو گی ۔ سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہاکہ میں نے سنیٹرز سے اس معاملے پر معلوم کیا ۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ انہوں نے کہا ہمیں بل دکھایا ہی نہیں گیا ،ممبرز کے لیے اس بل میں کچھ نہیں ہے ۔ سلیم مانڈی والا نے کہاکہ سب مراعات چیئرمین سینیٹ کے لیے ہیں ،وہ پہلے سے مراعات لے رہے ہیں جسکو مزید بڑھا دیا گیا ۔ نور عالم خان نے کہاکہ ہم پی اے سی کے پلیٹ فارم سے اسکی مخالفت کر سکتے ہیں ۔ اجلاس کے دور ان نادرا اور این ٹی ایل کے آڈٹ کا معاملہ زیر بحث آیا ۔نور عالم خان نے کہاکہ کیا نیب اور ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی ہے ۔ ایف آئی اے حکام نے کہاکہ انکوائری ہو رہی ہے،جے آئی ٹی بن جائے گی ۔ نور عالم خان نے کہاکہ متعلقہ ایک افسر نے استعفیٰ دے دیا ہے ،سکرٹری داخلہ اس معاملے پر بے بس تھے ،میرے پاس اس حوالے سے سفارشات آ رہی ہیں ۔نور عالم خان نے کہاکہ اگر اجازت دیں تو نام لے لوں ،نام لینے کی ضرورت نہیں آپ نے پہلے بھی کسی کی بات نہیں مانی ۔ انہوںنے کہاکہ ایف آئی اے اور نیب جان لیں ہم بھی معاملے کو دیکھ رہے ہیں ۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ اگر آپ نے کچھ خود سے حل کرنے کی کوشش کی تو شکنجے میں آئیں گے ۔ نور عالم خان نے کہاکہ جتنی سفارشیں آئیں گی،میں ان کانام لوں گا۔ نواب شیر نے کہاکہ میں آئی پی سی کمیٹی کا چیئرمین ہوں،وہاں کروڑوں روپے کے گھپلے ہیں۔کمیٹی نے آئی پی سی سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے