غیر قانونی تقرریوں کا کیس میں چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور

0
241

لاہور ( این این آئی) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کر لی۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بد عنوانی کے کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے اسپیشل پراسکیوٹر عبدالصمد اور پرویز الٰہی کی جانب سے وکیل رانا انتظار نے دلائل مکمل کیے۔ایڈووکیٹ رانا انتظار نے پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جبکہ پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے مقف اپنایا کہ پرویز الٰہی مقدمہ میں براہ راست ملزم ہیں لہٰذا عدالت پرویز الٰہی کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔بعدازاں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے پرویز الٰہی کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کر لی۔خیال رہے کہ صدر پی ٹی آئی پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا ایک ہفتے تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد یکم جون کو انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔اے سی ای کے مطابق پرویز الہی اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی فنڈز میں غبن سے متعلق کیس میں مطلوب تھے۔نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے دعوی کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی، تاہم پولیس نے ان کی گاڑی کی اگلی کھڑکی توڑ کر انہیں گرفتار کرلیا۔