نوجوان اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، وزیراعظم

0
187

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کی مہارت اور صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان اپنی خداداد صلاحیتوں سے تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے ملک کے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے پروگراموں کو فروغ دیا جائے جن کا مقصد مختلف شعبوں میں انٹرپرینیورشپ اور انوویشن کو فروغ دینا ہو۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ نیشنل انوویشن ایوارڈ ہمارے نوجوانوں کی تخلیقی خیالات پیش کرنے کی صلاحیت کو ابھارتا ہے جنہیں موثر منصوبوں میں ڈھالا جاسکتا ہے، 20 ہزار درخواست دہندگان میں سے 100 ذہین نوجوانوں میں 16 کروڑ روپے کی نقد رقم تقسیم کی گئی ، اس میں 20 لاکھ روپے تک کا ایوارڈ دیا گیا، جو پیش کردہ آئیڈیاز کی غیر معمولی نوعیت پر منحصر ہے۔ وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے پروگراموں کو فروغ دیا جائے جن کا مقصد مختلف شعبوں میں انٹرپرینیورشپ اور انوویشن کو فروغ دینا ہو جو ہماری سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اہم ہیں۔ شہبا ز شریف نے کہا کہ انہیں اپنے باصلاحیت نوجوانوں کی مہارت اور صلاحیت پر غیر متزلزل اعتماد ہے کہ وہ راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے ملک کے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، اپنے ہونہار نوجوانوں سے ملنا ہمیشہ خوشی کا باعث بنتا ہے۔