اتحادی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے، قمر زمان کائرہ

0
124

راولپنڈی (این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے، پاکستان کے نوجوان اپنے حالات درست کرنے کیلئے ہنر سیکھیں اور قانونی طریقوں سے ملک سے باہر جائیں،پاکستان پیپلز پارٹی پورے ملک سے الیکشن جیتے گی اور بلاول بھٹو آئندہ وزیر اعظم ہوں گے،عمران خان ملک کو مسائل کے دلدل میں دھکیل رہا تھا اور نوجوانوں کو غلط تربیت دیتے رہے۔ان خیالات کا اظہار قمر زمان کائرہ نے پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی تنظیم کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ ہے پاکستان کے نوجوان اپنے حالات درست کرنے ملک سے نکلے اور سمندر کی بے رحم لہروں کا شکار ہوئے، نوجوانوں سے اپیل ہے جو پیسہ باہر جانے کے لئے لگاتے ہیں وہ ہنر سیکھ کر جائز طریقے سے ملک سے باہر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سبق ہے بے نظیر بھٹو اور ذولفقار بھٹو کے مخالفین بھی آج ان کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں یہی نہیں آج بلاول بھٹو کی قابلیت کا ڈنکا دنیا میں بج رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی بیٹیاں بھی جب سیاست میں آئیں گی تو آپ کو ان کی قابلیت نظر آئے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے،لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ عمران کو آپ نے کیوں نکالا جبکہ وہ خود غیر مقبول ہو رہا تھا مگر عمران خان ملک کے مسائل بڑھا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر آصف علی زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا،اصولوں کے مسئلے پر زرداری سے لڑنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ ہے کہ وہ قربانی نہیں دے سکتا وہ ہمیشہ اپنا سوچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سیاست میں پی ایچ ڈی ہیں اور ملک بھر میں فتح پیپلز پارٹی کی ہوگی۔وفاقی وزیر سلیم حیدر خان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے راولپنڈی کی سرزمین پر شہادت نوش کی مگر الیکشن کا رزلٹ قابل تحسین نہ تھا، آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کو گھر سے نکلنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے وکررز محنت کرکے گھر گھر سے ووٹرز کو نکالیں گے اورہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والے الیکشن میں بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کے لئے اہم کردار ادا کریں۔ سالگرہ تقریب سے پی پی پی رہنما سید حسن مرتضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف کے تمام کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں چونکہ وہ معصوم ہیں، جیل میں گزاری ایک رات نے انقلاب کو پریس کانفرنس میں بدل دیا۔تحریک انصاف نے مظلوم اور نہتے کارکنوں کو سامنے کھڑا کیا خود کو گرفتاری سے بچایا ہے۔