وزیر اعظم کی فرانس کے صدر کی ملاقات ،دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق

0
317

پیرس(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔ جمعرات کو جار ی اعلامیہ کے مطابق ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر میخواں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر صدر میخواں کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم نے فرانس کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ترقی پزیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، آپ کا شکریہ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمند ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔وزیر اعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پزیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اہم مسئلہ پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی آپ نے اہم کاوش کی۔صدر میخواں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔