دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھائے، وزیراعظم شہباز شریف

0
326

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی، ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابلِ مذمت ہے، سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا،خطے میں پائیدار امن شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے،ریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے ساتھ پورے عزم سے مل کر لڑنے کی ضرورت ہے، ایس سی او افغانستان رابطہ گروپ اہم کردار ادا کررہا ہے،عالمی مسائل کے حل کیلئے عالمی یکجہتی کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا، ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، اس دوران معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، کئی سو لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے،موسمیاتی تبدیلیاں ہمارے دروازوں پر دستک دے رہی ہیں،ہمیں فوری اقدامات اٹھانے ہونگے ۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) کے 23ویں اجلاس سے اپنے ویڈیو لنک خطاب میں شہباز شریف نے قزاخستان کوتنظیم کی رکنیت ملنے اور ایرانی صدرابراہمی رئیسی کو تنظیم کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اورایران کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم نے بیلا روس کو تنظیم کے آئندہ اجلاس میں مکمل رکنیت دینے کے فیصلے کا بھی خیرمقد م کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا کومعاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو امن ، استحکام ، سلامتی اور ترقی کے حوالے سے اپنا کردار بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ”کنکٹیویٹی ”جدید عالمی معیشت میں کلیدی اہمیت اختیار کرچکی ہے، ”کنکٹیویٹی ”کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ٹرانسپورٹ کوریڈورز کی تعمیرکے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سی پیک کومعاشی خوشحالی، امن اور استحکام کیلئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیلٹ اینڈ روڈ کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک منفرد جغرافیائی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جارہے ہیں جوبندرگاہوں کے ساتھ منسلک ہوں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں سال کے اختتام پر مواصلات سے متعلق ایس سی او اجلاس کی میزبانی کرے گا۔وزیراعظم نے زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کودہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پرڈپلومیٹک پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہئے اورریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرنا چاہئے کیونکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے سیاسی ایجنڈے کے تحت مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی