جولائی میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے کی توقع ہے،وزیر خزانہ

0
260

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ہی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے ک توقع ہے۔ایک انٹرویومیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ گزشتہ 8 ماہ بہت مشکل گزرے ہیں، میری ٹیم کے لوگ بھی کہتے تھے لگتا ہے یہ معاہدہ نہیں ہو گا تاہم میں کہتا تھا کہ جون کے آخری ہفتے تک معاہدہ ہو جائے گا اور ہو گیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی معاہدہ 9 ماہ کیلئے طے ہوا ہے، 9واں ریویو اگر 3 جون تک ہو جاتا تو ہمیں وہ پیسے ملنے تھے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد اسی ماہ ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر مل جائیں گے، سعودی عرب سے دو ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر جولائی میں لینے ہیں۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ اس معاہدے کے تحت ہم نے 5.6 بلین ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل کرنی ہے، مجھے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوتا نظر آرہا ہے اور جولائی کے مہینے میں ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے کی توقع ہے۔