اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے ، سپیکرو ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی

0
86

اسلام آباد (این این آئی)سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشریف اور ڈپٹی سپیکرزاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے ، 13 جولائی 1931 کے دن کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔جمعرات کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ 13 جولائی1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ کی افوج نے 22 مظاہرین کو آذان دینے کی پاداش میں شہید کیا،13 جولائی 1931 کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 7 دہائیوں سے ہزاروں ماؤں کے جگر کے ٹکڑے شہید کیے جا چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی بے حرمتی اور عصمت دری کے ہزاروں واقعات رونما ہو چکے ہیں۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کے ہاتھ ہزاروں کشمیری شہداء کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدو جہد کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے متعدد قرار دادیں منطور کی ہیں، کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ انسانی حقوق اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔ڈپٹی سپیکرزاہد اکرم درانی نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدائے کشمیر کو خرج تحسین پیش کرتا ہوں ، پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔