سائفر گمشدگی پر چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج، جیل میں جے آئی ٹی کی بھی پوچھ گچھ

0
173

اسلام آباد(این این آئی)ایف آئی اے نے سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سائفرکی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں چیئرمین تحریک انصاف کو نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں تعینات ڈی آئی جی لیول کے افسران اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں۔دوسری جانب سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر ایف آئی اے نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف سے تحقیقات کیں۔ذرائع کے مطابق سائفر گمشدگی پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ممبران نے اٹک جیل میں عمران خان سے پوچھ گچھ کی۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے آفس میں ملاقات کی گئی ہے۔