توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کا معاملہ،بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فارنزک کرانیکا فیصلہ

0
199

اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد پولیس نے توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کا معاملے پر سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فارنزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد بشریٰ بی بی توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے سے متعلق کیس میں شامل تفتیش ہوئی تھیں جس دوران بشریٰ بی بی سے دو آڈیو لیکس سے متعلق سوالات کئے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا آڈیوز میں آواز میری نہیں ہے،بشریٰ بی بی کے انکار کے بعد پولیس ٹیم نے آڈیوز سنوائیں،سننے کے بعد بشریٰ بی بی نے آڈیوز کو فیک قرار دے دیا۔ذرائع اسلام آباد پولیس کے مطابق دونوں آڈیوز کی فارنزک رپورٹس کو کیس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، پولیس تفتیشی ٹیم نے 25سوال تیار کئے، 23سوال بشریٰ بی بی سے پوچھے گئے جن میں سے زیادہ تر توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق تھے۔ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں بنانے کا الزام رد کیا اور ان کا کہنا تھا رسیدیں کہاں سے آئیں کس نے بنوائیں ہم نہیں جانتے، توشہ خانہ گھڑی سے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔