اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جڑانوالہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،سکیورٹی فورسز نے گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے،پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، کشمیرمیں موجودہ حالات پر اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے،پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام ایشوز پر رابطوں میں ہے،امید ہے افغان حکام افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے،ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت خوش آئند ہے ،امید ہے بھارت پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرے گا ۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام بھی مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چرچ اور عیسائی برادری کے گھروں کو جلانا غیرقانونی و غیر آئینی ہے،اس قسم کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کو پاکستان میں برابری کے حقوق حاصل ہیں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لارہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے مبینہ لیک پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان دستاویزات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔انہوںنے کہاکہ 13 اگست کو گوادر میں سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز پر حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں تمام چینی انجینئر محفوظ رہے۔ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے،دونوں ممالک کے تعلقات اس قسم کے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے۔ترجمان نے کہاکہ ملک میں سیاسی صورتحال پر پیش رفت بارے مختلف غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، کشمیرمیں موجودہ حالات پر اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہماری کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کی جائے، بھارت ایسا ماحول فراہم کرے کہ کھلاڑی جان کے خوف کے بغیر کھیل میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے روسی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روسی حکومت کی جانب سے پاکستان کا یوم آزادی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستانی عوام روسی عوام اور حکام کا یوم آزادی منانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام ایشوز پر رابطوں میں ہے،امید ہے افغان حکام افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں افغانستان سے دہشت گردی پر شدید تشویش ہے،دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کررہی ہے۔ترجمان نے کہاکہ امید ہے بھارت پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ گراؤنڈ اور اس سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو ممکنہ حراساں ہونے سے بچایا جائے۔ترجمان نے کہاکہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت خوش آئند ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ سائرس سجاد قاضی نے نئے سیکرٹری خارجہ کا چارج سنبھال لیا،سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان عہدے سے ریٹائر ہوگئے ۔ انہوںنے بتایاکہ سائرس سجاد قاضی ترکی، نئے دہلی اور مختلف ممالک میں سفیر کے عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔ انہوںنے کہاکہ اسد مجید خان نے ملک کے لئے بیش بہا خدمات انجام دیں۔انہوںنے کہاکہ سائفر کے مندرجات پر دفتر خارجہ ابھی کوئی بات نہیں کرسکتا ،یہ سائفر ایک نجی ادارے نے شائع کیا اور دعویٰ کیاہے ۔
٭