نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر ندیم جان نے وزارت صحت کا قلمدان سنبھال لیا

0
193

اسلام آباد (این این آئی)ڈاکٹر ندیم جان نے نگران وفاقی وزیر صحت کی حیثیت سے اپنی وزارت کا قلمدان سنبھال لیا ہے۔ جمعہ کو ترجمان وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی اور سٹاف نے وزیر صحت کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر ندیم جان صحت کے شعبہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز حاصل کر چکے ہیں،وہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنی خدمات کی بدولت عالمی شہرت رکھتے ہیں۔ چارج سنبھالنے کے بعد وزارت کے افسران اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سے تعارفی ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت افتخار شلوانی، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان ، ڈی جی ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ وزارت صحت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھر پور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ ہم نے اس ملک و قوم عوام کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کام کرنا ہو گا۔ صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے ،اس میں بہتری لانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی اور اداروں کے مسائل کا ادراک ہے۔ عوام کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر قلیل مدت میں حل کریں گے۔ ہم سب نے ملکر اس ملک وقوم کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر فاسٹ ٹریک پر کام کرنا ہو گا۔ عوام کو بیماروں اور وباؤں سے محفوظ رکھنے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ وزارت صحت بنیادی طور پر حقوق العباد کی وزارت ہے۔ عوام کے امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوے سب افسران کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مفاد عامہ کیلئے انقلابی اور فلاح منصوبوں کی بنیاد رکھیں گے۔