اتحادی جماعتوں نے مردم شماری کو نوٹیفائی کیا انہیں پتا تھا حلقہ بندیاں ہوں گی،چیئرمین سینیٹ

0
216

کراچی(این این آئی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاہے کہ سابق حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے مردم شماری کو نوٹیفائی کیا انہیں پتا تھا کہ حلقہ بندیاں ہوں گی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مسلح فوج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ چیئرمین سینیٹ نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہاکہ بلوچستان کی آواز بلوچستان کے سینیٹرز بخوبی اٹھا رہے ہیں اور نگران وزیراعظم سے بلوچستان کے عوام کو امید کی کرن نظر آئی ہے تاہم بلوچستان کی ترقی کے لیے بہت سارے وسائل کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے مردم شماری کو نوٹیفائی کیا، ان سب کا پتا تھا کہ حلقہ بندیاں ہوں گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ یقین رکھیں الیکشن ہوں گے اور وقت پر ہوں گے، حلقہ بندیاں جیسے ہی مکمل ہوں گی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے دے گا، قوم مطمئن رہے الیکشن کمیشن انتخابات بروقت کروائے گا۔صدر پاکستان سے متعلق سوال پر صادق سنجرانی نے کہاکہ 9 ستمبر کو صدر مملکت کی مدت ختم ہو رہی ہے، نئے صدر کے انتخاب تک صدر مملکت اپنے منصب پر رہیں گے، نئے صدر کا انتخاب تب ہو گا جب چاروں صوبوں اور وفاق میں الیکٹرول کالج مکمل ہو گا۔