جاپان نے بھی چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

0
285

ٹوکیو(این این آئی )جاپان کی خلائی تحقیقی ایجنسی جاکسا نے بھی چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ہفتے کو روز چاند کے لیے روانہ کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق آج کل چاند پر پہنچنے کے لیے کئی ممالک میں مقابلے کی فضا نظر آرہی ہے کیوں کہ حال ہی بھارتی خلائی مشن چندریان تھری نے چاند پر کامیابی سے لینڈنگ کی ہے جب کہ روسی مشن کے حصے میں ناکامی آئی ہے۔اب جاپان کے جنوب مغربی حصے میں واقع تانیگاشیما خلائی مرکز سے ایک چاند گاڑی کو خلا میں بھیجا جائے گا، اس تحقیقی گاڑی کو اسمارٹ لینڈر فار اِنویسٹیگیٹنگ مون یا SLIM کا نام دیا گیا ہے۔اگر جاپان کا خلائی مشن بھی کامیابی حاصل کرتا ہے تو یہ ایشیائی ملک کی چاند پر پہلی لینڈنگ شمار ہوگی، یہ چاند گاڑی، سیارے پر اتر کر گڑھوں اور دیگر جغرافیائی خصوصیات کی شناخت کرے گی۔خلائی مشن کا ہدف ہے کہ مقررہ مقام کے 100 میٹر کے اندر لینڈ کیا جائے، روانگی کے بعد چاند کی سطح تک کے سفر میں چار سے چھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ جاکسا اپنے بھارتی خلائی ادارے اسرو کے ساتھ اپریل 2025 کے اوائل میں ایک مشترکہ لانچ بھی خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، یہ مشن چاند کے جنوبی قطبی خطے میں برف کے ذخائر کی تلاش کرے گا۔حالیہ برسوں میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے بتاتے ہیں کہ چاند پر پانی موجود ہے، جس کے بعد بہت سے ممالک اور نجی شعبے یہ سمجھتے ہیں کہ چاند انسانوں کے لیے نیا مرکز بن سکتا ہے، اسی امید پر وہ ہر طرح سے تحقیق کررہے ہیں اور اس سیارے کو مسخر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔