روس کو ہتھیار دینے سے باز رہیں، امریکا کی شمالی کوریا کو دھمکی

0
201

واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے روس یوکرین جنگ میں روس کو ہتھیار فروخت کرنے کی صورت میں شمالی کوریا کو خبردار کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں شمالی کوریا کو خبردار کیا ہیکہ اگر اس نے اس تنازع میں روس کو ہتھیار فروخت کیے تو یہ اقدام پیانگ یانگ اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کرسکتا ہے۔امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکا کو یوکرین اور روس کے درمیان ہتھیاروں کی ڈیل پر شدید تشویش ہے۔جان کربی نے کہا کہ ہم شمالی کوریا پر زور دیتے ہیں کہ وہ روس کے ساتھ ہتھیاروں کی ڈیل کے لیے بات چیت کو ختم کرے اور عوامی سطح پر روس کو ہتھیار نہ دینے کے وعدے کی پاسداری کرے۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کو یقین ہیکہ روسی وزیر دفاع نے شمالی کوریا کے رہنما کِم جانگ سے جولائی میں ہونے والی ملاقات میں انہیں ہتھیاروں کی فروخت پر راضی کرنے کی کوشش کی تھی۔تاہم جان کربی نے روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کی ڈیل سے متعلق ملنے والی انٹیلی جنس معلومات کے بارے میں بتانے سے گریز کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جان کربی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے پہلے روسی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔