مادرِ جمہوریت بیگم کلثوم نواز کو دنیا سے رخصت ہوئے 5 برس بیت گئے

0
139

لاہور ( این این آئی) مادرِ جمہوریت کا خطاب اور تین بار خاتون اول کا اعزاز پانے والی بیگم کلثوم نواز کو دنیا سے رخصت ہوئے 5 برس بیت گئے ۔مشرف کی آمریت کے دور میں مضبوط سیاسی کردار بن کر سامنے آنے والی کلثوم نواز مارچ 1950 ء میں اندرونِ لاہور کے کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئیں وہ مشہور زمانہ گاما پہلوان کی نواسی تھیں، کلثوم نواز نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔بیگم کلثوم نواز کی شادی سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف سے 1971ء میں انجام پائی، شرافت، محبت، سخاوت اور برداشت مرحومہ کی زندگی کا قیمتی اثاثہ تھے، نواز شریف جب پابندِ سلاسل تھے تو کلثوم نواز نے پرویز مشرف کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اس کے علاوہ وہ سابق وزیر اعظم کی زندگی، سیاست اور اہم پارٹی فیصلوں میں بھی بھرپور کردار ادا کرتی رہیں۔ 1999ء میں بیگم کلثوم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور تین برس تک پارٹی صدارت کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھائے رکھا، اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر کلثوم نواز کو مادر جمہوریت کے خطاب سے نوازا گیا۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد کلثوم نواز ایک بار پھر سیاسی میدان میں اتریں، بستر علالت پر ہی ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقابلے میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں لیکن کینسر کی بیماری نے زیادہ مہلت نہ دی اور موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 11ستمبر 2018 ء کو خالق حقیقی سے جا ملیں، مرحومہ جاتی امرا رائے ونڈ میں اپنے سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں آسودہ خاک ہیں۔