نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی امریکامیں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کے وفد سے ملاقات، سرماریہ کاری پر گفتگو

0
88

نیویارک /اسلام آباد(این این آئی)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی تارکین وطن اپنی ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور فلاحی کاموں کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہکے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار شمالی امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم (اے پی پی این اے)کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان سے نیو یارک میں ملاقات کی۔ نگراں وزیراعظم نے پاکستان میں ایپنا کے سماجی بہبود، تعلیمی اور طبی امدادی مشنز اور پروگراموں سمیت ڈاکٹر ارشد ریحان کی پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے پیغام کو آگے بڑھانے میں اپنا کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے اے پی پی این اے کو پاکستان میں ہیلتھ ٹورازم، میڈیکل اور پیرا میڈیکل ایجوکیشن، ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانی نژاد امریکی پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ملک کی قومی ترقی میں ان کے کردار کو پوری طرح تسلیم کیا جاتا ہے۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ تارکین وطن امریکا میں پاکستان کا اصل چہرہ اور پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک قیمتی پل ہیں۔ انہوں نے وفد کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔اے پی پی این اے کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان نے ممبران کی جانب سے وزیر اعظم سے ملاقات پر شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کو پاکستان میں سماجی بہبود، تعلیمی اور طبی شعبوں میں جاری اے پی پی این اے کے کام بارے بریفنگ دی۔