نوازشریف کی وطن واپسی کا مجوزہ پلان سامنے آ گیا،(کل)سعودی عرب روانگی کا امکان

0
307

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کا مجوزہ پلان سامنے آ گیا،وطن واپسی سے قبل نواز شریف کا چار ممالک کے دوروں کا امکان ہے ۔نوازشریف کا (کل)9 اکتوبر بروز پیر کو برطانیہ سے سعودی عرب روانہ ہونے کا امکان ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف سعودی عرب میں ممکنہ طور پر 4 سے 5 روز قیام کریں گے۔ نواز شریف عمرے ادائیگی کے بعد شاہی خاندان کی اہم ترین شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف سعودی عرب سے 14اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے لئے روانہ ہوں گے ،جہاں سے ان کا چین اور قطر جانے کا بھی امکان ہے ،نواز شریف ان ممالک کا ایک ،ایک یا دو ،دو روزہ دورہ کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ان دوروں میں اہم ملاقاتیں ہوں گی ۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف چین اور قطر کے دوروں کے بعد دوبارہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے اور 2 سے 3 روز قیام کے بعد پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔نوازشریف کی حفاظتی ضمانت کے لئے 19 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کئے جانے کا امکان ہے ،نواز شریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ائیر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے۔