نواز شریف کے استقبال کیلئے نہیں گیا، موجودہ سیاست کے تحت الیکشن لڑنے کا قائل نہیں،شاہد خاقان عباسی

0
178

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کیلئے نہیں گیا، میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں، موجودہ ملکی سیاست کے تحت الیکشن لڑنے کا قائل نہیں۔احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے ملک کو مفلوج کیا ہوا ہے، پانچواں سال ہے عدالت میں آتے ہیں اور کچھ نہیں ہوتا، ان عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور عوام کو دکھائیں کیا ہو رہا ہے، لوگ دس دس سال سے انصاف کیلئے آ رہے ہیں، پچھلی حکومت نے 5 ترامیم کیں حالانکہ نیب ختم کرنے کی ایک ترمیم ہونی چاہیے تھی۔اْنہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے اپنی مرضی کا بینچ بنایا اور پارلیمان کے بنائے قانون کو ختم کیا، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ان کیسز کو چلائیں بتائیں کہ ہم سے کیا غلطی ہوئی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ انصاف کا تقاضہ کہاں گیا اور انصاف کہاں گیا؟ پاکستان کے عوام کو دکھائیں کون سی کرپشن ہوئی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ یہ بد نصیبی ہے کہ اس ملک میں نیب جیسا ادارہ موجود ہے، نیب کا کام سیاستدانوں کو توڑنے اور جوڑنے میں استعمال ہونا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اعلیٰ عہدوں پر رہنے والوں کو انصاف نہ ملے تو عام آدمی کو کیسے ملیگا، نئے چیئرمین نیب ان کیسز کو دیکھیں اور انصاف کے مطابق کام کریں۔اْنہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت سے بھی مطالبہ ہے کہ نیب کو ختم کریں۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے نہیں گیا، میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی سیاست کے تحت الیکشن لڑنے کا قائل نہیں، جس سیاست سے ملک کونقصان ہو ایسی سیاست کا قائل نہیں، ری امیجنگ پاکستان لوگوں کو جگانے کے لیے تھا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی مسائل حل کرنے کی کوئی کوشش نظر نہیں آتی، سیاستداں، عسکری قیادت اور جوڈیشل قیادت ایک ساتھ بیٹھیں گے تو مسائل حل ہوں گے۔اْنہوں نے کہا کہ الیکشن کسی کی سیاسی بصیرت پر نہیں بلکہ آئین و قانون پر ہونے چاہئیں۔