محمد علی درانی کی پی ڈی ایم کے سربراہ سے ملاقات

0
85

اسلام آباد (این این آئی)ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کے درمیان قومی مفاہمت کے حوالے سے بڑا بریک تھرو ہوا ہے ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام(ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے قومی مفاہمت کے ایجنڈے کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی کی تجویز پر قومی کردار ادا کرنے کی حامی بھری ہے جن کی ملاقات منگل کو اسلام آباد میں ہوئی۔ محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں مولانا فضل الرحمان قومی قیادت سے قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر بات کریں گے۔ پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور مفاہمت کے قومی ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کام کیا جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان سے محمد علی درانی کی ملاقات کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی پہلے ہی قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر اتفاق کر چکی ہے جبکہ پاکستان مسلم (ن)کے قائد محمد نواز شریف بھی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر مینار پاکستان کے جلسے میں قومی مفاہمت کا اعلان کر چکے ہیں۔ دریں اثنا جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی میڈیا سیل کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ کے انتخابات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔