سی پیک سے پاکستان اور چین کی معیشت میں حیرت انگیز ترقی آئے گی’ڈاکٹر جاوید اکرم

0
204

لاہور( این این آئی)نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے مقامی ہوٹل میں چائنہ پاکستان اکنامک کوری ڈورکے حوالے سے اہم راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرلاہورمیں قونصل جنرل چین ژاؤ شرین،احمدسعید،سعدفیصل ملک،فیصل زاہدملک،خطیب بادشاہی مسجدلاہورمولانہ عبدالخبیرآزاد اور خواتین وحضرات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں سے محبتوں کے لازوال رشتے قائم ہیں۔ہمارے لئے چائنہ پاکستان کوری ڈورایک سڑک نہیں بلکہ بڑی اہمیت کاحامل منصوبہ ہے۔حکومت پنجاب چائنہ پاکستان اکنامک کوری ڈور کی کامیابی کی حامی ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ دنیاکاسب سے بڑاکارڈیک ہسپتال چین کے شہربیجنگ میں واقع ہے۔چائنہ پاکستان اکنامک کوری ڈورسے دونوں ممالک کی معیشت میں حیرت انگیز ترقی آئے گی۔چائنہ پاکستان اکنامک کوری ڈورانشاء اللہ ایک گیم چینجرثابت ہوگا۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان میں دل کے امراض کے باعث اموات کی شرح خطرناک حدتک بڑھ چکی ہے۔وزیراعلی پنجاب سیدمحسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔پاکستان سے بڑی تعدادمیں میڈیکل سٹوڈنٹس ہر سال سپیشلائزیشن کیلئے چین جاتے ہیں۔پاکستانی اور چینی طبی درسگاہوں کا آپس میں ریسرچ ودیگر شعبہ جات میں مستقل الحاق چاہتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ انشاء اللہ سی پیک کامنصوبہ بہت جلدایک حقیقت میں تبدیل ہوجائے گا۔نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے اس موقع پر لاہورمیں قونصل جنرل چین ژاؤشرین و دیگرمہمانوں کے درمیان یادگاری شیلڈزبھی تقسیم کیں۔