ایچ بی ایل اور بینک آف چائنا کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
131

اسلام آباد(این این آئی)حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل)اور بینک آف چائنا(بی او سی)کے درمیان علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لئے اسٹریٹجک تعاون کی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔ دستخط کی تقریب چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بی او سی کیہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔گوادر پرو کے مطابق اسٹریٹجک تعاون کی یادداشت پر دستخط ایچ بی ایل اور بی او سی کے معاشی بااختیاری اور علاقائی رابطے کو آگے بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے جنوبی ایشیا، مشرق وسطی، وسطی ایشیا اور افریقہ کے کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا۔گوادر پرو کے مطابق دونوں تنظیمیں ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی)، ٹیکنالوجی اور تربیت کے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنے کے لئے بھی کام کریں گی۔گوادر پرو کے مطابق اس مفاہمت نامے کا مقصد دونوں ممالک میں مالیاتی اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینا، تجارتی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور بالآخر علاقائی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے معاشی نمو اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔