بچوں کے عالمی دن پر پی ٹی اے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لئے پر عزم

0
95

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) بچوں کے عالمی دن پربچوں کی ڈیجیٹل دنیا میں پاکستانی بچوں کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے۔ جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ بچوں پر ڈیجیٹل اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی اے تعلیمی تقاضوں کو پورا کرنے اور آن لائن سرگرمیوں کے مثبت فروغ کے لئے انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں پی ٹی اے نے میٹا، ٹک ٹاک، یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسف)، اور دیگر معروف اداروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو محفوظ آن لائن ماحول کی فراہمی کے ضمن میں متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے، ریگولیٹر کی جانب سے بچوں کے لیے ایک بہترین ڈیجیٹل ماحول پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جہاں بچے اپنے وجود اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالے بغیر نہ صرف سیکھ سکتے ہیں بلکہ کھیل سکتے ہیں، اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں بھی رہ سکتے ہیں۔