پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خصوصی ویزا جاری کرے گا

0
206

اسلام آ باد (این این آئی) نگران وزیر منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ خصوصی سلوک کرے گا،ہمارا مقصد انہیں ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کرنا ہے، ہم دنیا کے دیگر حصوں کے سرمایہ کاروں کو بھی سہولت فراہم کریں گے۔ گوادر پرو کے مطابق حکومت پاکستان نے چین کے سرمایہ کاروں کو خصوصی ویزا سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کاروبار اور سرمایہ کار دوست ایس آئی ایف سی ویزا سہولت کی باضابطہ منظوری دے دی جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ نگران وزیر منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے گوادر پرو کو بتایا کہ پاکستان چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ خصوصی سلوک کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا چین نے پاکستان میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ ہمارا مقصد انہیں ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کرنا ہے۔ ہم دنیا کے دیگر حصوں کے سرمایہ کاروں کو بھی سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والے مہینوں میں چین سے مزید سرمایہ کاری کی توقع ہے۔