مئی مقدمات،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع،اسد عمر کی عبوری ضمانت خارج

0
85

لاہور( این این آئی)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی جبکہ اسد عمر کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی گئی ۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان عدالت کے رو برو پیش ہوئیں ۔ عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں 16مارچ تک توسیع کا حکم دے دیا۔بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹان اور نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمرکی عبوری ضمانت خارج کر دی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے تھانہ شادمان جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی گئی ہے۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے سابق رہنما تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ کی کمرہ عدالت میں ملاقات ہوئی جہاں بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں مسرت جمشید چیمہ پر برس پڑیں۔ملاقات کے دوران مسرت جمشید چیمہ نے اپنے اوپر درج مقدمات اور روپوش ہونے کے دوران تکالیف سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو آگاہ کیا، عظمی خان اور علیمہ خان نے مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ پلا دی۔علیمہ خان نے کہا کہ جب میرے بھائی کو ضرورت تھی تو آپ لوگ چھپے ہوئے تھے، جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو آپ نے پریس کانفرنس کی، جب بانی پی ٹی آئی کو ضرورت تھی تب آپ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی کی سب سے قریب ترین تصور کی جاتیں تھیں، آج آپ مجھے مجبوریاں سنا رہی ہیں، سیاستدان تو جیل کے بغیر نامکمل تصور کیے جاتے ہیں۔مسرت جمشید چیمہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی باتیں سن کر خاموش ہو گئیں۔