لاہور(این این آئی)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی بلے کا نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے اختیار کے خلاف درخواست لارجر بینچ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ منگل کو جسٹس عابد عزیز شیخ نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل عزیز بھنڈاری اور سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیے کہ آپ کے انٹرا پارٹی الیکشن کیسے ہوتے ہیں؟ وکیل تحریک انصاف عزیز بھنڈاری نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن ملک بھر میں ہوتے ہیں، جسٹس عابد عزیز شیخ نے دریافت کیا کہ آپ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کون لوگ سلیکٹ ہوتے ہیں؟ الیکشن شیڈول کا طریقہ کار کیا ہے؟ آپ کا پروسس ا?ف الیکشن کیا ہے آپ کہاں سے بیٹھ کر الیکشن کنٹرول کرتے ہیں؟انہوں نے ریمارکس دیے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ کسی کا کنٹرول ہی نہیں اور ہر کوئی اپنا الیکشن لڑ رہا ہے؟ یہ کون طے کرتا ہے کہ آپ کا الیکشن کس جگہ ہوگا؟ کیا الیکشن کمیشن آپ کو بتاتا ہے کہ یہاں پر الیکشن کرائیں یا آپ خود جگہ کا تعین کرتے ہیں؟اس پر وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کرانے سے پہلے الیکشن کمیشن کو تمام معلومات فراہم کردیں تھیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیے کہ الیکشن کمیشن نے آپ کے خلاف کہاں کارروائی شروع کر رکھی ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کارروائی اسلام آباد میں شروع کر رکھی ہے۔عدالت نے دریافت کیا کہ آپ کا انٹرا پارٹی الیکشن کا سینٹر کہاں تھا؟ وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ الیکشن پورے ملک میں ہوئے ڈیجٹیل ووٹنگ بھی ہوئی، آپ کو پتا ہے آج کل پی ٹی آئی پر جو مہربانیاں ہورہی ہے کتنا مشکل ہے الیکشن کرانا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیے کہ آپ صرف لیگل بات کریں سیاسی باتیں یہاں نہ کریں، آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کو یہ درخواست اسلام آباد میں دائر کرنی چاہیے تھی؟وکیل پی ٹی آئی عزیز بھنڈاری نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن ایک وفاقی ادارہ ہے ، کہیں بھی درخواست دائر کی جاسکتی، عدالت نے کہا کہ یہ تو تب ہے کہ جب آپ صرف الیکشن کمیشن کے قوانین چیلنج کریں، اگر آپ الیکشن کمیشن کی کارروائی چیلنج کریں گے تو پھر جہاں کارروائی ہورہی ہے وہاں درخواست دائر کرنی چاہیے، لاہور میں آپ کا کون سا حق متاثر ہوا ہے؟ الیکشن کمیشن نے جو آپ کو نوٹس بھیجا وہ اسلام آباد میں بھیجا ہے۔اس موقع پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ مجھے بات تو کرنے دیں، اگر آپ مجھے درمیان میں روکتے رہیں گے تو میں کیسے اپنی بات کروں گا؟ ایسا نہیں ہے کہ میں یہاں بغیر قانون پڑھے آگیا ہوں، اگر الیکشن کمیشن ہمارے خلاف کوئی کارروائی کرے گا تو اس کے اثرات پورے ملک میں ہوں گے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیے کہ ابھی تک تو الیکشن کمیشن نے آپ کے خلاف کوئی حکم جاری نہیں کیا، صرف نوٹس ہے۔بعد ازاں عدالت نے درخواست کو لارجر بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست پہلے سے لارجر بینچ کے پاس زیر سماعت ہے، درخواست گزار کے مطابق معاملہ اہم نوعیت کا ہے اور آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مناسب احکامات کے بعد درخواست کو لارجر بینچ کے پاس بھجوا دیں، لارجر بینچ ہی درخواست پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ کرے گا۔واضح رہے کہ 31 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے اختیار کے خلاف درخواست پر سماعت 4 جون تک ملتوی کردی تھی
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...