پاکستان زراعت کے شعبے کی استعداد بڑھانے کے لئے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے،وزیراعظم

0
89

بیجنگ(این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت کے شعبے کی استعداد بڑھانے کے لئے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، حکومت گورننس کی بہتری، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے، ریلوے مین لائن ون کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ سرمایہ کاری کے لیے بالکل تیار ہے،چائنا ایگزم بینک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔وہ چائناایکسپورٹ امپورٹ بینک (سی ای ایکس آئی ایم)کے چیئرمین ڈاکٹر وو فلن سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے گورننس کی بہتری ٹیکس نیٹ بڑھانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کوششوں کا ذکر کیا تاکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں کیونکہ غذائی شعبے میں مہنگائی پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے اور پبلک ڈیٹ کو مزید پائیدار سطح پر لایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی صنعتوں، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں کی جدید کاری کیلئے ایگزم بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر پاک چین مشترکہ منصوبے کے منصوبوں اور تجارتی فنانسنگ میں چینی ایگزم بینک کے ممکنہ کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان گورننس کی بہتری ٹیکس نیٹ بڑھانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے،چائناایگزم بینک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ،مین ریلوے لائن۔ 1 کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ سرمایہ کاری کے لیے بالکل تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے چینی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں،پاکستان اپنی زراعت کے شعبے کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، ایگزم بینک کے چیئرمین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے پنجاب سپیڈ سے کام کیا اور بہترین کارکردگی دکھائی اسی طرح ہمیں پاکستان سپیڈ نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کا ہر منصوبہ چائنا ایگزم بینک کے لئے ترجیحی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سی پیک فیز۔ II کے تحت اقتصادی اور مالی تعاون کے اہم کردار اور چائنا ایگزم بینک کی پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور ”مشترکہ خوشحالی” کے تصور کے تحت پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون پر زور دیا۔چائنا ایگزم بینک کی سابقہ چیئرپرسن ہو زیاولیان نے محمد شہباز شریف کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں ان کے زیرنگرانی تیز رفتار ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہباز اسپیڈ کی اصطلاح استعمال کی تھی۔