دبئی میں دو جدید تعمیراتی منصوبوں کا اعلان

0
59

ابوظہبی(این این آئی)دبئی کی حکومت نے مستقبل قریب میں دو جدید تعمیراتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے جس میں الممزار کے علاقے میں پہلا تیرتا ہوا پیدل مسافروں کیلئے پُل اور دیرہ میں ساتوں دن اور 24 گھنٹوں تک فعال رہنے والا خوبصورت ساحل شامل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے ان منصوبوں پر آنے والی لاگت کا تخمینہ تقریباً 355 ملین درہم لگایا گیا ہے جس کا مقصد الممزار اور جمیرہ 1 کے ساحلوں کو اور جدید طرز پر بنایا جائے۔
دبئی کی اعلیٰ کمیٹی برائے شہری منصوبہ بندی اور بہبود نے پریس ریلیز میں کہا کہ یہ منصوبے 18 مہینوں میں مکمل ہوجائیں گے۔ ان تعمیرات کا رقبہ 5.7 کلومیٹر (المزار میں 4.3 کلومیٹر اور جمیرہ 1 میں 1.4 کلومیٹر) پر محیط ہوگا۔یہ منصوبے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے ہیں۔ جن کا مقصد دبئی کے عوامی ساحلوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ ان منصوبوں پر کام شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین کی رہنمائی اور نگرانی میں کیا جائے گا۔