کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 10 روپے فی یونٹ مہنگی

0
301

کراچی (این این آئی )صوبائی دارالحکومت کراچی کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 10 روپے ایک پیسے مہنگی کردی گئی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے جولائی 2023 تا مارچ 2024 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی میں بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں جون تا ستمبر 2024 کے درمیان کی جائیں گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے جون میں 2 روپے 68 پیسے فی یونٹ، جولائی میں 3 روپے 11 پیسے فی یونٹ، اگست میں 3 روپے 22 پیسے فی یونٹ اور ستمبر میں ایک روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ اضافے کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن اور الیکڑک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ 2 روز قبل بجلی کی بْلند قیمتوں کا سامنا کرنے والے بے بس صارفین کو تاخیر سے ادائیگی کرنے پر 14 فیصد سود ادا کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔نیپرا نے کنزیومر سروس مینول (سی ایم ایس) میں ایک ترمیم کرکے اس کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کا مطالبہ پاور ڈویڑن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے کیا تھا، لیکن اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔نیپرا نے نوٹی فکیشن میں کہا تھا کہ نیپرا نے کہا کہ اگر کوئی صارف رواں ماہ کے بل کی قسط کی درخواست کرتا ہے تو مقررہ تاریخ کے اندر پہلی قسط ادا کرنے پر کوئی سود یا تاخیر سے ادائیگی پر جرمانہ نہیں ہوگا تاہم باقی اقساط پر 14 فیصد شرح سود سالانہ ادا کرنا ہوگا، اور قسطوں کی سہولت کی اجازت مالی سال میں صرف ایک بار ہوگی۔