یمنی وزیراعظم کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات

0
99

صنعا(این این آئی)یمن کے وزیر اعظم ڈاکٹر احمد عوض بن مبارک نے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع اور یمن کے وزیر اعظم نے ملاقات میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے، یمن میں سلامتی کی صورت حال میں پیش رفت، سیاسی عمل کی حمایت اور قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔اسی تناظر میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے یمنی حکومت کے لیے مملکت کی حمایت اور یمنی عوام کی خدمت کے لیے سعودی عرب کی طرف سے ہر ممکن کوشش کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جمہوریہ یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر دفاع نے یمن کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دینے، اس کے برادر عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے مملکت کے مضبوط حمایت کی موقف کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب برادر یمنی عوام کی ترقی، خوشحالی اور امن وسلامتی کی خواہاں ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون اور کوشش کر رہی ہے۔