منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے مزید و گواہ طلب ،سماعت 4جنوری تک ملتوی

0
283

لاہور(این این آئی) لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے مزید و گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 4جنوری تک ملتوی کردی ، نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹے سلمان شہباز کے اثاثے قرق کرنے کی رپورٹ پیش کردی،دوران سماعت مسلم لیگ (ن) کے صد ر شہبازشریف نے عدالت کے رو برو صحت کی سہولیات کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیے جس پر عدالت نے ان کو تحریری طور پر درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی ۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی۔مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا ،عدالت نے ملزمان کی حاضری لگانے کا حکم دیا۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کے وکیل کہاں ہیں،جونیئر وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ امجد پرویز راستے میںہیں کچھ ہی دیر مین پہنچ جائیں گے جبکہ ملزم قاسم قیوم کیجانب سے ایڈوکیٹ قاضی مصباح نے وکالت نامہ جمع کروایا۔اس دوران شہباز شریف نے عدالت سے بات کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ اگر مجھے اجازت ہو تومیں اپنے ہیلتھ ایشوز سے متعلق آگاہ کروں۔دوران سماعت شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی حکم کے بعد ٹیسٹ کی رپورٹ ایک ماہ بعد دی گئی۔ گزشتہ روز کمر درد کے حوالے سے کل ڈاکٹرز آئے تاکہ میں عدالت میں کوئی بات نہ کروں۔ کینسر کے ماہرین کوئی نہیں آئے، کل صرف کمر درد کے ڈاکٹرز آئے تھے۔کسی کے کہنے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ معدے اور کینسر کے حوالے سے چیک اپ نہیں ہو رہا۔ ذاتی معالج کے سوال پر جیل حکام نے کہا کہ ان کو ذاتی معالج کی اجازت نہیں دی گئی۔ عدالت کو بار بار بتاتے ہوئے شرمندگی محسوس کرتا ہوں۔ عدالت نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کو عدالت شہبازشریف کی صحت کیحوالے سے الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ جج جواد الحسن نے ریمارکس دیئے ایسے نہیں چلے گا، تفصیلی درخواست دائر کریں، وہ درخواست حکومت کو ہدایات کے ساتھ بھجوائو ں گا۔ جج جواد الحسن نے کمرہ عدالت میں شور شرابے پر عدالت کا اظہار برہمی کیا اور کہا کہ جو لوگ میاں شہباز سے ملاقات کرنے آئے ہیں اب وہ باہر چلے جائیں، آپ لوگوں کے شور سے سماعت میں مشکل آرہی ہے۔فاضل جج نے کہا کہ ایک ایک سوال ملین ڈالر کا ہے۔جج جواد الحسن نے رانا مشہود صاحب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ہوتے بھی شور ہو رہا ہے، اگر آپ لوگوں نے شور کرنا ہے تو جراح کیسے ہوگی ۔عدالت نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ بازنہیںآئیں گے تو میں اٹھ کر چلا جائوں گا۔دوران سماعت ڈی جی نیب نے تفتیشی افسر کے ذریعے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلمانشہبازشریف کے اثاثے قرق کردیے جبکہ شہبازشریف کی بیٹی رابعہ عمران ،داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لیے گئے ہیں ۔عدالت نے گزشتہ سماعت منی لانڈرنگ ریفرنس میں اشتہاری ملزمان کے اثاثے قرق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نیب کے گواہ پر جرح شروع کی تو گواہ کے بار بار سینے پر ہاتھ رکھ کر جواب دینے پر عدالت نے دلچسپ ریمارکس دیئے کہ آپ کا انداز دیکھ کر لگتا ہے کہ ارتغرل غازی آگیا ہے۔ اس پر حاضرین نے خوب قہقہ لگایا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید دو گواہ ابراہیم ملک اور محمد شریف کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 4جنوری تک ملتوی کردی۔حمزہ شہباز نے احتساب عدالت کی راہداری پر نواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔