اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے وزارتوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہمارے پاس عذر نہیں ہے کہ ہم سیکھ رہے ہیں، کارکردگی کا وقت آ گیا ہے، حکومت میں آئے تو تین ماہ سمجھنے میں لگ گئے ،نئی حکومت کو اقتدار سنبھالنے سے پہلے گورنمنٹ سسٹم سے متعلق پوری طرح بریفنگ دی جانی چاہیے،جب تک ساری وزارتیں کارکردگی نہیں دکھائیں گی اس وقت تک ہم گورننس نہیں کر سکتے،ہماری حکومت کیلئے اولین چیلنج توانائی کا ہے، اس میں کئی عوامل ہمارے کنٹرول میں ہیں اور کئی ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں،سبسڈیز کو ہمیں مواقع پیدا کرنے لیے استعمال کرنا چاہیے،ماحولیات کی وزارت صوبوں کے پاس چلی گئی ہے اسے وفاق کے پاس ہونا چاہیے ، سی پیک میں چین سے زراعت پر بھی توجہ دے رہے ہیں،ملک کے اہم مسائل کی فہرست بنا کر ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور اگر اس میں کہیں بھی رکاوٹ آتی ہے تو وزارتوں پر جرمانہ کیا جائیگا،کوئی لابی کسی وزیر کے ذریعے ہم پر دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ اجلاس میں سیاسی، معاشی اورسیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کابینہ کو کورونا کی حالیہ صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ پی ڈی ایم کی تحریک اور سینیٹ انتخابات کی تیاریوں پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔وفاقی کابینہ نے ٹربائن فیول ایوی ایشن ہائی فلیش کی درآمد، سی ڈی اے آرڈیننس 1980 میں ترمیم ، یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے ملازمین پر لازمی سروسز ایکٹ کی توسیع ، ڈی جی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بحری سائنس،زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ کی تشکیل نو اور ایس ٹی ای ڈی ای سی کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینوفیکچرنگ پالیسیوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا ہر فیصلہ اجتماعی حیثیت میں ہوتا ہے، کوئی لابی کسی وزیر کے ذریعے دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں، کسی وزیر کو کوئی لابی تنگ کرے تو وہ کابینہ کو یا مجھے الگ سے بتائے، ہم فیصلے کسی لابی کے دباؤ میں نہیں بلکہ شفاف اور میرٹ پر کریں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے مردم شماری پر وزراء کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر امین الحق نے رپورٹ کو مسترد کردیا، وفاقی کابینہ نے ایم کیو ایم کے اختلافی نوٹ کے ساتھ رپورٹ کو منظور کرلیا، اختلافی نوٹ میں ایم کیو ایم کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نئی مردم شماری فوری طور پر کروائی جائے۔وفاقی کابینہ میں ساتویں مردم شماری کرانے کے لئے بھی بات چیت کی گئی جس پر وزرا کی جانب سے رائے دی گئی کہ آئین کے تحت حکومت کسی بھی وقت مردم شماری کروا سکتی ہے، آئندہ مردم شماری میں مرکزی کردار نادرا کا ہونا چاہیے، وفاقی کابینہ نے مردم شماری کے معاملے پر مزید مشاورت کے لئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔بعد ازاں یہاں وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا میں صدارتی انتخاب کے بعد جو بائیڈن کو ٹیم سلیکڈ کرنے کیلئے ڈھائی مہینے ملے ہیں ،ہم تو اپنے نمبر پورے کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جس دن الیکشن ختم ہوا ہے اسے تیاری، ٹیم کے انتخاب کیلئے ڈھائی مہینے ملے ہیں، بریفنگ مل رہی ہیں اور بیورو کریٹس انہیں بتا رہے ہیں کہ ہر چیز کی کیا صورتحال ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اس نظام پر نظرثانی کرنی چاہیے اور جب آپ کی ٹیم بن جائے اس کے بعد آپ کو حکومت سنبھالنے سے پہلے پورا وقت ملنا چاہیے تاکہ آپ خصوصی طور پر حکومت کی تیاری کریں کہ آپ نے گورننس کیسے کرنی ہے۔انہوں نے کہاکہ آپ کو بجلی، ریلوے، گیس اور مالیات کے حوالے سے بریفنگ ملنی چاہئیں تاکہ جب آپ دفتر سنبھالیں تو آپ کو پوری طرح پتہ ہو کہ میں نے کس ایجنڈے پر عملدرآمد کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تو تین مہینے صرف سمجھنے میں لگ گئے، ہر چیز جو ہم باہر سے بیٹھ کر دیکھ رہے تھے، جب حکومت آئی تو وہ بالکل مختلف تھی۔عمران خان نے کہا کہ خصوصاً توانائی سمیت کئی شعبوں میں ڈیڑھ سال تک اصل اعدادوشمار کا ہی پرہ نہیں چل رہا تھا، کبھی وزارت سے کوئی اعدادوشمار آ جاتی تھی، ہم سمجھتے تھے کہ بڑا اچھا کررہا ہے، پتہ چلتا تھا کہ کوئی اور اعدادوشمار آ گئے اور ہم اتنا اچھا نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی نئی حکومت کو اس طرح اقتدار میں نہیں آنا چاہیے، اس کی پوری تیاری ہونی چاہیے، اس کو اس طرح پوری بریفنگ دینی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح ہم دیکھ کر سیکھتے رہے اسی طرح وزارتوں کا بھی معاملہ ہے، کچھ وزارتوں نے زیادہ بہتر کارکردگی دکھائی ہے، کئی نے نہیں دکھائی اور کئی سیکھ رہے ہیں جس سے ان کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے۔
مقبول خبریں
“سانحہ سوات” انجینئر امیر مقام کی رضاکار محمد ہلال سے ملاقات ،خراج تحسین ،پھولوں...
سوات (این این آئی)وفاقی وزیر و پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے حالیہ "سانحہ سوات" کے دوران اپنی بہادری اور انسانی...
5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المناک باب ہے،فیصل کریم کنڈی
پشاور (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کے سیاہ دن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے...
افواج پاکستان کا بھی شہید کرنل شیر خان کو خراج عقیدت
راولپنڈی (این این آئی)مسلح افواج نے کارگل جنگ کے ہیروکیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کو ان کے 26ویں یومِ شہادت پر شاندار...
کرنل شیر خان کی بہادری یاد رکھی جائے گی، وزیراعظم
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیرخان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے...
صدر مملکت کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے...