اردو و پنجابی زبان کے شاعر و افسانہ نگار ایزد عزیز انتقال کر گئے

0
298

ساہیوال (این این آئی)اردو اور پنجابی زبان کے نامور شاعر و افسانہ نگار ایزد عزیز 66 برس کی عمر میں عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے۔ایزد عزیز صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں اگست 1954 میں پیدا ہوئے، ان کے والد پولیس ملازم تھے جب کہ ان کے اہل خانہ کے دیگر افراد بھی ادب سے وابستہ رہے ہیں۔ایزد عزیز کا پیدائشی نام عثمان عزیز تھا، تاہم ادبی دنیا میں انہوں نے ایزد کے نام سے الگ پہچان بنائی۔سجاگ میں شائع ایک مضمون کے مطابق ایزد عزیز نے محض 17 برس کی عمر میں شاعری شروع کی تھی جب کہ ان کا پہلا شعری مجموعہ”غروب شب”1989 میں شائع ہوا تھا۔ایزد عزیز کا افسانوی مجموعہ ”عالم ارواح کی مال روڈ پر”1997 میں شائع ہوا، پنجابی شاعری کی کتاب ”کلے رکھ داوین” 2009 میں شائع ہوئی جب کہ 2014 میں ان کی ایک کتاب ”تسلیم ” بھی شائع ہوئی۔ایزد عزیز کی شادی ان کی تایا زاد کے ساتھ 1985 میں ہوئی ان کے دو بیٹے ابوذر عزیز، حمزہ عزیز اور ایک بیٹی زینب عزیز ہے۔انہوں نے بینک میں ملازمت کرنے سمیت ریڈیو پاکستان میں بھی ملازمت کی اور بیرون ملک بھی گئے۔ایزد عزیز زندگی کے آخری ایام تک ادب سے وابستہ رہے اور چند ماہ قبل تک وہ ادبی سرگرمیوں میں فعال دکھائی دیے۔ایزد عزیز 27 دسمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، انہیں ہسپتال بھی منتقل کیا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہوسکے۔ایزد عزیز کے انتقال پر وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا جب کہ ادب سے وابستہ شخصیات نے ان کی موت کو ادبی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔