عدن ہوائی اڈے پرحملہ پوری یمنی قوم پر حملہ ہے، سعودی عرب

0
256

ریاض (این این آئی )سعودی عرب نے یمن کے عبوری دارالحکومت عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھاکہ عدن ہوائی اڈے پر یمنی حکومت کے وفد کی آمد کے موقع پر حملہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے یہ حملہ صرف یمنی حکومتی عہدیداروں پر نہیں بلکہ پوری یمنی قوم پرحملہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مملکت عدن ہوائی اڈے پرحملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اس حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب یمن کی نئی تشکیل پانے والی حکومت کا ایک وفد ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ عدن ہوائی اڈے پرحملہ ایک غدارانہ کارروائی اور یمن کی آئینی حکومت کے خلاف شرپسندی ہے۔ سعودی عرب اس حملے کو پوری یمنی قوم پرحملہ قرار دیتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ عدن ہوائی اڈے پرحملہ یمن کی خود مختاری، امن، ترقی اور خوشحالی پر حملہ ہے۔