اسرائیل دنیا میں کووِڈ19کی ویکسین لگانے میں سب سے آگے

0
331

تل ابیب (این این آئی)اسرائیل میں لوگوں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم زورشور سے جاری ہے اور اس پراس کی خوب مدح سرائی بھی کی جارہی ہے لیکن اس نے ویکسی نیشن کی اس مہم میں اپنے زیر قبضہ غربِ اردن اور غزہ کی پٹی میں آباد فلسطینیوں کو شامل نہیں کیا ہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کی دواساز فرم فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی تیار کردہ ویکسین درآمد کی ہے اور اس کو ملک کے کونے کونے تک پہنچا دیا گیا ہے۔اب تک آٹھ لاکھ اسرائیلیوں (یا کل آبادی میں سے 10 فی صد )کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔اسرائیل کی اس ویکسی نیشن مہم غربِ اردن کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے یہودی آبادکاروں کو تو شامل کیا گیا ہے لیکن علاقے میں مقیم قریبا 27 لاکھ فلسطینیوں کو اس مہم میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور انھیں اسرائیل کے زیر انتظام ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہودی آبادکار اسرائیلی ریاست کے شہری ہیں مگر فلسطینی نہیں۔اسرائیل اپنی 90 لاکھ آبادی میں سے 25 فی صدکو اس ماہ کے آخر تک ویکسین لگانا چاہتا ہے جبکہ مالی مشکلات سے دوچار فلسطینی اتھارٹی کو ویکسین کے حصول کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔فلسطینی اتھارٹی کو توقع ہے کہ اس کو عالمی ادارہ صحت کے شراکتی پروگرام کے تحت ویکسین مہیا کی جائے گی۔ڈبلیو ایچ او کوویکس ایسی انسانی امدادی تنظیموں کے ذریعے دنیا کے غریب ممالک کی 20 فی صد آبادی کو کووِڈ-19 کی ویکسین مفت مہیا کرنا چاہتا ہے۔ان غریب ممالک میں سے بعض کرونا وائرس کی وبا سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔