برسلز(این این آئی)یورپی یونین نے ایران کی جانب سے فوردوجوہری پلانٹ پر یورینیم کی 20 فی صد سے زاید مقدار کی افزودگی کو ایٹمی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اورکہاہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ناگزیر ہے۔یورپی یونین کے ترجمان پیٹر اسٹانو نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ ایران کو جوہری ہتھیار کے حصول سے روکنا ضروری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تہران کے یورینیم کی افزودگی بڑھانے کے فیصلے کے سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ یہ اقدام ایٹمی معاہدے کی ایک بڑی خلاف ورزی ہے جو 2015 میں بڑے ممالک کے ساتھ طے پایا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو اپنی جوہری ذمہ داریوں کی پابندی کرنا ہوگی۔ یورپی یونین ‘آئی اے ای اے’ کی رپورٹ کا مطالعہ کرے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تہران کیا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن امریکا کو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر واپس لائیں گے۔