ایڈوانس ٹیکنالوجی سے بہت آسانیاں پیدا ہوئیں مگر لائیو پرفارمنس کا اپنا ہی لطف ہے’عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

0
612

لاہور( این این آئی) نامور گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ میں نے اپنے حصے کی کامیابی سمیٹ لی ہے اب نوجوان نسل کا وقت ہے کہ وہ اپنے حصے کی کامیابیاں حاصل کریں ، میرا بیٹا سانول بھی گلوکاری کرتا ہے اور ایک باپ ہونے کی حیثیت سے میری خواہش ہے کہ وہ بھی میری طرح گلوکاری کے میدان میں اپنا نام اور مقام پیدا کرے۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ فنکار کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا جب تک اس کے دم میں دم ہے وہ فنکار ہی کہلاتا ہے ۔ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں نے جس دور میں گائیکی کا آغاز کیا تھا تو میرے خاندان میں اس کو انتہائی برا سمجھا جاتا تھا مگر میں نے فن کی خاطر گھر چھوڑ کر اپنے جنون کو پورا کرنے کے لئے لاہور کا رخ کیا جہاں مجھے بے پناہ جدوجہد کے بعد میری محنت کا پھل مل گیا ۔ میں جس دور میں گاتا تھا اس وقت کیسٹ کا دور تھا آج ایڈوانس ٹیکنالوجی آچکی ہے جس سے گلوکاروں کے لئے بہت ساری آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں مگر صحیح بات یہ کہ لائیو پرفارمنس کا اپنا ہی لطف ہے ۔