وزیر اعظم عمران خان کا ارطغرل کو پسند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے، ترک ادا کار

0
306

اسلام آباد (این این آئی)ترک وزیر خارجہ میولت چاو اشولو کے 3 روزہ دورہ پاکستان کے موقع پر ان کے ہمراہ آئے وفد میں شامل ارطغرل کے اداکاروں نورتین سومیز اور ایبرک پیکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ڈراما ارطغرل میںبمسی بے کا کردار نبھانے والے نورتین سومیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈرامے کی تشکیل اور چیز ہے، جب ناظرین اور حکومتیں تعریف کریں تو بڑا اعزاز ہے، پاکستان کے وزیر اعظم کا ارطغرل کو پسند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔اداکار نورتین سومیز نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان میں مختلف پروگرامز خصوصاً سفرنامہ میں بہت دل چسپی ہے، لاہور بہت پسند ہے، آئندہ جب بھی پاکستان آیا وہاں جاؤں گا۔ترک اداکار نے کہا کہ پاکستان کے اداکاروں کے ساتھ مشترکہ کام کرنے کی خواہش ہے، ارطغرل ڈراما انتہائی پیچیدہ اور مشکل منصوبہ تھا لیکن توقعات سے زیادہ پذیرائی ملی۔ارطغرل ڈرامے میں آرتک بے کا کردار نبھانے والے اداکار ایبرک پیکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں بچپن سے سنتا تھا پاکستان ترکی برادر ممالک ہیں، پاکستان آ کر سوچ سے زیادہ محبت ملی، ترکی اور پاکستان کی مشترکہ تاریخ ہے، ہم بھائی ہیں، پاکستان ہمارا گھر ہے۔ترک اداکار نے کہا پاکستان کی طرح ارطغرل ڈراما ترکی میں بھی مقبول ہے، اس ڈرامے سے نوجوانوں کو تاریخ میں دل چسپی پیدا ہوئی، کسی بھی ڈرامے یا منصوبے کی کامیابی کے لیے ابتدائی محنت انتہائی اہم ہوتی ہے۔