خیبرپختونخوا میں پیسے دے کر ارکان کو خریدا گیا، پیسوں سے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا’مریم اورنگزیب

0
266

لاہور(ا ین این آئی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیسے دے کر ارکان کو خریدا گیا، انہوں نے پیسوں سے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا، کل پوری پاکستانی قوم نے کرپشن کا عالمی ریکارڈ ٹوٹتے دیکھا، اگر یہ مدینہ کی ریاست ہوتی تو عمران خان جیل میں ہوتے،مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عظمی بخاری کے ہمراہ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان جو دوسروں کو چور کہتے ہیں، وہ خود چوروں کے سردار ہیں، دوسروں پر بکنے کا الزام لگاتے ہیں، کل پوری قوم نے دیکھا کہ کون بکا ہے، سپریم کورٹ کے سماعت کرنے سے ایک دن پہلے ویڈیو ریلیز کی گئی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان سے سوال ہے کہ گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین پر تشدد کر کے ملک کی مزید تضحیک کی ہے ،سرکاری ملازمین پر تشدد، کیا یہ ریاست مدینہ کے مناظر ہیں ،آج مہنگائی انتہائی بڑھ چکی ہے، کیا سرکاری ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غلط ہے ۔مسلم لیگ (ن) کا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے ۔کے پی میں ریلیز ہونے والی ویڈیو پر عمران خان سے سوال ہے کہ یہ ویڈیو ڈھائی سال سے ان کی تحویل میں تھی ،کیا ڈھائی سال آپ کو اپنے وزیر قانون نظر نہیں آئے ،آج بھی عمران خان کا بیان ہے کہ سینٹ انتخابات میں ووٹ چوری ہوتی رہتی ہے ،ریاست مدینہ میں 34 ووٹ والے کے 44 ووٹ کیسے نکلے؟؟؟ ،فارن فنڈنگ کی بات آتی ہے تو ملازمین کے اکائونٹ میں پیسے منگوا کر کہتے ہیں کہ فنڈنگ ہوئی ہے ،بجلی، گیس، آٹا چوری اگر آج ریاست مدینہ ہوتی تو عمران خان جیل میں ہوتے ،اس ویڈیو سے پہلے ترمیم لائے، آرڈیننس لائے اور اب ویڈیو ریلیز کر دی ،یہ آرڈیننس جاری کرنا سپریم کورٹ پر حملہ اور توہین عدالت ہے ۔2018 کا الیکشن چوری کیا گیا جس کا ثبوت عوام کے سامنے آ چکا ہے ،میرا مطالبہ ہے احتجاج کرنے والے گرفتار سرکاری ملازمین کو فوری رہا کیا جائے ۔ سرکاری ملازمین کیخلاف بولنے والے کرائے کے ترجمان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے ،ہمارے دور کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہو سکی ہے ،دوسروں پر الزامات لگاتے رہو اور خود چوری کرتے رہو ۔دوسروں پر سینٹ چوری اور الیکشن چوری کے الزامات لگاتے رہو اور خود عمران خان نے ایک کو وزیر قانون کا قلمدان خود دیا ،اب ویڈیو ریلیز ہونے پر کہہ دیا کہ عہدہ چھوڑ دو ،ریاست مدینہ کا ٹھیکیدار بنا ہوا شخص ہر شعبے میں چوری کا ذمہ دار ہے ،ابھی صرف ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، وہ دن دور نہیں جب یہ بریف کیس اٹھا کر بھاگنے کی کوشش کرینگے لیکن عوام انہیں بھاگنے نہیں دینگے ،میں نے کہا تھا کہ جس دن ان کی کوئی چوری پکڑی جائے گی، عوام کی ضرورت کی کوئی نا کوئی چیز مہنگی ہو گی۔