نواز شریف واپس آنا چاہیں تو ای ٹی ڈی جاری کیا جاسکتا ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید

0
353

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے جس فرد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا ، اگر نواز شریف صاحب واپس ملک میں آنا چاہیں تو 72گھنٹوں میں ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ (ای ٹی ڈی) جاری کیا جاسکتا ہے، مولانا فضل الرحمن سمیت جو لوگ اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے آج اسمبلیوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں ،جو لوگ کہہ رہے ہیں کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا ،آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے ،اس بار مایوسی ہوگی، خفیہ رائے شماری یا اوپن بیلٹ کے ذریعے سینٹ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ 3 مارچ سے پہلے آجائے گا، پی ڈی ایم لانگ مارچ کی رمضان کے بعد کی تاریخ رکھ لے ،قانون نہ توڑا تو سہولیات دینگے ،4 مارچ کے بعد ملک میں افواہوں کا بازار ختم ہو جائے گا، عمران خان فتح یاب ہوکر سرخروہونگے ۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر انہیں پاکستان آنا ہو اور بیرونِ ملک سفارتخانے میں اپلائی کریں تو انہیں ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے جسے ای ٹی ڈی کہتے ہیں اور اگر پاکستان نہ ہونا ہو تو رات 12 بجے ان کے پاسپورٹ کی آئینی و قانونی حیثیت ختم ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ رات 12 بجے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید ختم ہورہی ہے، 20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ عدالت نے خود کہا ہے کہ ایک مرتبہ باہر جانے کی اجازت دینے کو غلط استعمال کیا گیا اور ہائی کورٹ نے اب خود فیصلہ دیا کہ وہ واپس پاکستان آئیں جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کے پاسپورٹ کی تجدید رات 12 بجے ختم ہورہی ہے اور انہیں پاکستان آنے کے لیے ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی سرجری کی بات کی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ اس کے لیے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی، تو اچھی بات ہے کسی نہ درخواست کی نہ ہم نے مانگی یہ تو درخواست گزار پر منحصر ہے کہ وہ نہ دینا چاہے یہ اس کی مرضی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسے مریم نواز کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں درج ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمن سمیت وہ لوگ جو اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے وہ آج اسمبلیوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور ٹکٹوں کی جستجو میں لوگوں کی دلچسپی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس اسمبلی، جمہوریت، الیکشن کے نظام کی عزت ہے اور وہ لوگ جو اس نظام کو تہہ و بالا کرنا چاہتے تھے یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے۔انہوںنے کہاکہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا اور اس پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے جس میں واضح ہوگا کہ انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہوگی یا اوپن ہوگی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ 3 مارچ سے پہلے آجائے گا۔