شاہ محمود قریشی کی عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

0
275

قاہرہ (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی قاہرہ میں عرب لیگ ہیڈکوارٹر پہنچے تو عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا اور انہیں عرب لیگ ہیڈکوارٹر آمد پر خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، عرب لیگ کے ممبر ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یکساں مذہبی، تہذیبی اقدار کے ناطے عرب لیگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سیاسی، تجارتی ،باہمی روابط ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستانی تارکین وطن کی کثیر تعداد عرب ممالک میں مقیم ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے مراسم عرب لیگ کے ساتھ خصوصی تعلق کا مظہر ہیں ۔پاکستان اور عرب لیگ کے مابین مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے اس فریم ورک کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا،دونوں شخصیات کے مابین اس حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے 5 اگست 2019 کے یکـطرفہ بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے اہم امور پر عرب لیگ کے واضح اور یکساں موقف کو سیکرٹری جنرل کے وسیع سفارتی تجربے کا ثمر قرار دیا۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ عرب لیگ تنظیم سیکرٹری جنرل کے وسیع تجربے اور پیشہ وارانہ مہارت سے خوب استفادہ کرے گی۔