آسٹریلین وزیر خارجہ کا شا ہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ

0
270

اسلام آباد (این این آئی)آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پین (Ms. Marise Payne ) نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغانستان کے حوالے سے اجتماعیت کے حامل، جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ افغان قیادت کی جانب سے منظر عام پر آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی بحالی کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلاء کے سلسلے میں جاری پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیاسی، اقتصادی، اور تہذیبی حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ پر زور دیا۔آسٹریلوی وزیر خارجہ نے کابل سے انخلاء کے عمل میں معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔