این اے 125کی یوسی55میں سیوریج کا منصوبہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے تحفہ ہے’یاسمین راشد

0
289

لاہور(این این آئی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے این اے 125کی یوسی 55میں سیوریج کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میاں حامد محمود،جاویداکرم ٹونی،چیئرمین عبدالغفورپپو،شہزادنمبردار،میاں ندیم،رانانسیم ودیگر کارکنان کے علاوہ واسااور ایل ڈبلیوایم سی کے افسران موجودتھے۔کارکنان نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔واسا کے افسران نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو سیوریج کے منصوبہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ این اے 125کی یوسی55میں سیوریج کا منصوبہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے تحفہ ہے۔یوسی55میں سیوریج کے منصوبہ کے بعد لاکھوں رہائشیوں کو صاف پانی کی سہولت حاصل ہوگی۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ یوسی55میں سیوریج کانیا نظام اہل علاقہ کاعرصہ درازسے دیرینہ مطالبہ تھا۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارعوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی میں پیش پیش ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہونے کے ناطے پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں ریلیف دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ عمران خان پہلے دن سے عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔عمران خان نے عوام کی بہتری کے اقدامات کرکے اپنے آپ کو عوامی لیڈرثابت کیاہے۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کی عوام کو سات اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال دے رہے ہیں۔حکومت عوام کی فلاح وبہبودکیلئے ہراقدام اٹھائے گی۔تحریک انصاف کی حکومت ہی پاکستانی عوام کو معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ یوسی55 کے اہل علاقہ نے سیوریج کا منصوبہ شروع کرنے پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کادشوں کو سراہااور کہاکہ ماضی کی کسی حکومت نے اس علاقہ کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔