عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جو باتیں ہوئیں اگر چیئرمین نیب وہ سن لیں تو شاید خود ہی چھوڑ دیں،شاہد خاقان عباسی

0
452

اسلام آباد(این این آئی) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جو باتیں ہوئیں اگر چیئرمین نیب وہ سن لیں تو شاید خود ہی چھوڑ دیں،چیئرمین نیب کو تاحیات نوکری بھی دے دیں تو ملک کون چلائے گا،مریم نواز نے اگر کوئی جرم کیا تو چیلنج کرتے ہیں کارروائی کریں،تیس سے زائد کمیشن بنے ،کسی کمیشن سے توقع نہیں وہ کوئی رپورٹ دے گا، ایک سال سے براڈ شیٹ سامنے آیا ہے ، نیب ابھی تک خاموش ہے ،ملکی حالات سے عوام بہت پریشان ہیں،سعودی عرب اور آئی ایم ایف معاہدوں سے مزید مہنگائی آئے گی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہاکہ نام نہاد ملک کا احتساب کا نظام ملک میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جو باتیں ہوئیں اگر چیئرمین نیب وہ سن لیں تو شاید خود ہی چھوڑ دیں۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب کو تاحیات نوکری بھی دے دیں تو ملک کون چلائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے کرونا مریضوں کو بھی نہیں بخشا انہوںنے کہاکہ ایک ہفتہ ہو گیا اس بات کو سامنے آئے ہوئے،چیئرمین نیب کی آنکھیں، منہ ابھی تک بند ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک سال سے براڈ شیٹ بھی سامنے آیا لیکن نیب ابھی تک خاموش ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہاں ایک قرضہ کمیشن بھی بنا تھا تاہم تین سال سے اسکی رپورٹ سامنے نہیں اسکی۔ انہوںنے کہاکہ چینی کمیشن بنا ، ستر روپے والے چینی ڈیڑھ سو روپے پہنچ گئی لیکن آج تک چینی رپورٹ بھی سامنے نہیں آئی۔