الیکشن کمیشن ڈیڈی کی طرح برتاؤ کر رہا ہے،اٹارنی جنرل

0
200

اسلام آباد (این این آئی)اٹارنی جنرل پاکستان بیرسٹر خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ڈیڈی کی طرح برتاؤ کر رہا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان پر جرمانے کے خلاف سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔انہوںنے کہاکہ یہ ہو سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ آپ کسی سرکاری اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتے، الیکشن کمیشن یہ بھی کہہ سکتا ہے کہ کوئی بھی وزیر سرکاری گاڑی استعمال نا کرے۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزیراعظم نے تحریری ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنی جیب سے اخراجات کریں گے، ایسا سنا نہ کبھی ایسا ہوا کہ الیکشن کمیشن کہے کہ وزیراعظم کو سوات جانے سے روک دیا گیا ہے۔بیرسٹر خالد جاوید خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن ڈیڈی کی طرح ایکٹ کر رہا ہے، سربراہ مملکت کو روکا جا سکتا ہے لیکن سربراہی حکومت کو نہیں روکا جا سکتا۔اٹارنی جنرل نے کہاکہ الیکشن کمیشن وزیراعظم کو نوٹس اور جرمانہ کر رہا ہے، اگلا مرحلہ نااہلی ہے، الیکشن کمیشن کیسے یہ کر سکتا ہے؟انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے عارضی طور پر روکا جائے، پارلیمانی نظام حکومت میں یہ کیسے ہو سکتا ہے؟یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے نوٹس کے باوجود ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سوات میں جلسہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان پر جرمانہ عائد کیا تھا۔