چوہدری شجاعت حسین نے سیاسی صورتحال کے تناظر میں خاندان میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا

0
280

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے سیاسی صورتحال کے تناظر میں خاندان میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا ۔ اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے میری مکمل حمایت حاصل ہے ،ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اب تک پارٹی یا گھر میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وضاحت پر یقین نہیں رکھتا لیکن اس کے باوجود میں کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے ان پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے خاص کر پڑھے لکھے لوگ اس بات کوپسند نہیں کرتے۔ انہوںنے کہاکہ غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا اور حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا نہایت نا مناسب بات ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ کے خاندان میں اختلافات ہیں ایسی بے بنیادخبروں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا خاندان پچھلے 50سالوں سے پنجاب ہی میں نہیں بلکہ پاکستان کے تمام اضلع میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہنا چاہوں گا کہ ہمارا خاندان توبہت بڑا ہے لیکن فیصلے میری رضامندی کے ساتھ کئے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اختلافات کا غلط پروپیگنڈا کر کے جو لوگ سیاسی فائدہ اْٹھاناچاہپتے ہیں انہیں بڑی مایوسی ہو گی ، کسی ایشو پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پراپیگنڈہ نہیں کرنا چاہیے۔