جب سے عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے، بیرونی قوتیں ناخوش ہیں، علی زیدی

0
219

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیربحری امور و صدر تحریک انصاف سندھ علی حیدر زیدی نے قوم سے تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہونے کی امید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے، بیرونی قوتیں ناخوش ہیں۔ اپنے بیان میں اانہوںنے کہاکہ عزتِ نفس کے تحفظ اور ملک کو غیرملکی قوتوں کے روبرو سرنگوں نہ کرنے پر آمادہ آزاد و خود مختار پاکستان ان قوتوں کو قبول نہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی فتنہ انگیز وزیراعظم کی شکل میں بیرونی مداخلت کے سامنے سیسہ پلائی اس دیوار کو منہدم کرنے کی سازشیں رچا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ناپاک سازش سے پاکستان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے میں بیرونی ہاتھ کی شمولیت ہماری قومی سلامتی، خودمختاری اور جمہوریت پر حملہ ہے،قومی خودمختاری کے عوض اپنا سیاہ دھن بچانے کی خواہاں حزب اختلاف اس ناپاک منصوبے کو کندھا فراہم کررہی ہے،قوم بیرونی فتنہ گروں کے ہاتھوں ملک بیچنے والوں اور انکے سہولت کاروں کے چہرے یاد رکھے گی۔ علی زیدی نے کہاکہ وزیراعظم وہ تنہا مردِ مجاہد ہیں جنہوں نے بیک وقت بیرونی فتنہ گروں اور انکے مقامی مہروں کو للکارا ہے، بدقسمتی سے ہمارا کرپٹ سٹیٹس کو ملک کو بیرونی آقاؤں کی کالونی بنانے کی بجائے آزاد اور خوشحال مملکت بنانے والی ایک بااعتماد اور آزاد منش شخصیت گورا کرنے کو تیار نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ناپاک منصوبے کے تحت بیرونی اشاروں پر ڈاکوؤں کی مدد سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ شرمناک ہے، ڈالروں کی چمک میں آج حکومت گرائیں گے تو مستقبل میں یہ شرمناک سلسلہ کیسے روکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ کیا ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آئندہ نسلیں بھی ان بیرونی شرانگیزوں اور موروثی سیاست کی غلامی میں جکڑی رہیں، ایک مہذب قوم اس شرمناک روایت کی اجازت نہیں دے سکتی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وقت آن پہنچا ہے کہ پوری قوم اس بدمعاشی کیخلاف اٹھ کھڑی ہو، حق کا ساتھ دیں اور تاریخ کو تباہی کے رخ پر مڑنے سے روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔