بھارتی ‘کشمیر کی آزادی’ کا نعرہ لگائیں، انہیں گانا گفٹ کردوں گا، ابرارالحق

0
233

لاہور (این این آئی)معروف گلوکار ابرار الحق نے اعلان کیا ہے کہ اگر معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر اور دیگر اداکار ‘کشمیر کی آزادی’ کا نعرہ لگائیں تو وہ انہیں اپنا گانا ‘نچ پنجابن نچ’ بطور تحفہ دے دیں گے۔ابرالحق نے یہ اعلان بھارتی فلم ساز کرن جوہر کی جانب سے اپنا مذکورہ گانا چوری کرکے آنے والی فلم ‘جگ جگ جیو’ میں شامل کرنے کے بعد کیا۔ابرار الحق نے مقامی صحافی سے بات کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فلم سازوں نے ان کا گانا چوری کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کا تیسرا یا چوتھا گانا چوری کیا گیا ہے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب ان کے گانے چوری کیے گئے تب تو ہ بہت بڑے خوش ہوئے تھے کہ بھارتیوں نے ان کا گانا چوری کرکے فلم میں شامل کرلیا مگر اب چوں کہ ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے اور بھارتی ان کے گانوں سے اربوں روپے کما رہے ہیں تو یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کے لوگ اربوں روپے فلموں پر خرچ کرکے اربوں روپے کماتے ہیں مگر ان میں تخلیقی صلاحیت نہیں، ان کے پاس اچھے میوزک کمپوزر ہی نہیں۔انہوں نے اپنے گانے ‘نچ پنجابن نچ’ کو کرن جوہر اور ان کی ٹیم کی جانب سے چوری کیے جانے کے عمل کو نامناسب اور غلط قرار دیا اور کہا کہ انہیں لوگوں نے بتایا کہ ان کا گانا چوری کرلیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں ابرارالحق نے واضح کیا کہ انہوں نے نہ تو ‘نچ پنجابن نچ’ کے کاپی رائٹس فروخت کیے اور نہ ہی انہوں نے گانے کو بھارتی فلم میں شامل کرنے کی اجازت دی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گانا چوری کیے جانے کے بعد بھارت، پاکستان اور برطانیہ میں اپنے وکلا سے مشورہ کیا ہے، وہ جلد ہی گانا چوری کرنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے تاحال نہیں سوچا کہ وہ کتنے پیسوں کا ہرجانہ دعویٰ دائر کریں گے، عین ممکن ہے کہ وہ ڈھیر ساری رقم کا مطالبہ کریں اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ معمولی چیز پر گانے کے رائٹس بھارتیوں کو دے دیں۔