پاک امریکہ تعلیمی تبادلہ پروگرام پرسپشن مینجمنٹ (ملکی تاثر بنانے)کے ضمن میں اہم ہیں،مسعود خان

0
262

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک امریکہ تعلیمی تبادلہ پروگرام پرسپشن مینجمنٹ ( ملکی تاثر قائم کرنے) اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعلقات کے قیام کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں،پاکستان کی نوجوان نسل اپنے علم، تجربے اور مواصلاتی مہارت کی بدولت ملکی تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی طالبات کے تیرہ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ طالبات کا وفد سسٹر ٹو سسٹر ایکس چینج پروگرام کے تحت امریکہ کے دورہ پر ہے۔مسعود خان نے طالبات کو ان کی اعلیٰ کارکردگی کے بل بوتے پر امریکہ کی جامعات میں داخلے پر مبارکباد پیش کی،یہ کامیابی سائنس اور نئی ٹیکنالوجی میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ عوامی روابط پاک امریکہ تعلقات کا اہم جزو ہیں۔ مسعود خان سائنس ، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم) کے شعبوں میں نوجوان نسل کی بھرپورشمولیت پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مستقبل پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کر دے گی۔ انہوںنے کہاکہ سسٹر ٹو سسٹر پروگرام امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے چلنے والا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستانی طالبات کو امریکہ کی مایہ ناز جامعات میں تعلیمی اور فنی مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روایتی سماجی و معاشی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ملکی معیشت کا کارآمد حصہ بن سکیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستانی طالبات کے لئے بہت شاندار موقع ہے جس کی بدولت وہ اپنی پروفیشنل زندگی میں ان امریکی اقدار کو سیکھ، سمجھ اور عمل پیرا ہو سکتی ہیں جن کی بدولت امریکہ ٹیکنالوجی، جدت اور ایجادات میں دنیا بھر میں سرفہرست ملک ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ ان پروگراموں کی افادیت ، علم کے تبادلہ خیال، دونوں ملکوں کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے پیش نظرکوشش کی جا رہی ہے کہ ان پروگراموں کا اسکوپ اور تعداد کو بڑھایا جا سکے۔سفیر پاکستان نے امریکی سفارت خانے کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے پاکستانی طالبات کے لئے جدید علوم میں مواقع فراہم کیے۔ کراچی سے لیکر گلگت بلتستان تک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے سفیر پاکستان سے بات چیت کے دوران امریکہ کے بارے میں اپنے تاثرات اور اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔